بیجنگ: چین کی خلائی گاڑی چنگ 5 کامیابی کے ساتھ چاند پر اتر گئی،جو وہاں سے مٹی اور پتھروں کے نمونے حاصل کر کے واپس روانہ ہوگی۔
چین کی قومی خلائی ایجنسی سی این ایس اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ چنگ 5 کو چوبیس نومبر کو خلا میں بھیجا گیا جس نے 112 گھنٹے کا سفر طے کیا اور اب وہ چاند کے مدار میں داخل ہوگئی ہے۔
چینی ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چنگ فائیو نے چاند کی سطح سے تقریباً چار سو کلومیٹر بلندی سے مدار میں داخل ہوئی اور کامیابی سے اتر گئی ہے۔
اس تاریخی موقع پر چین کے خلا بازوں نے خوشی کا اظہار بھی کیا۔
سی این ایس اے کے حکام نے بتایا کہ چنگ 5 بغیر کسی مسئلے کے مدار میں داخل ہوئی اور پھر رفتار کو کامیابی کے ساتھ آہستہ کر کے اپنا زاویہ بھی درست کیا۔
چنگ فائیو چار حصوں پر مشتمل ہے، یہ گاڑی چاند پر اترنے کے بعد وہاں سے دو کلومیٹر گہرائی سے کم از کم دو گلوگرام کے پتھروں اور مٹی کے نمونے حاصل کرے گی۔
مشن مکمل کرنے کے بعد چنگ فائیو واپسی کے سفر پر روانہ ہوگی اور دسمبر کے وسط میں چین کے شہر منگولیا میں اترے گی۔
امریکا اور روس کے بعد چین دنیا کا تیسرا وہ ملک بن جائے گا جس کا مشن چاند پر کامیابی کے ساتھ اترا اور وہاں سے نمونے حاصل کر کے باحفاظت زمین پر لوٹا۔