افغان حکومت اور طالبان نے امن مذاکرات کے طریقہ کار پر اتفاق کرلیا

کابل: افغانستان کی حکومت اور طالبان نے افغان امن مذاکرات کے طریقۂ کار پر اتفاق کرلیا۔

افغان میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت اور طالبان نے انٹرا افغان مذاکرات کے طریقہ کار پر اتفاق کرنے کی تصدیق کی اور متفقہ طور پر اعلان کیا کہ بات چیت کے دوران مذاکراتی ایجنڈے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

طالبان کے ترجمان اور افغان حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے رکن نادر نادری نے تصدیق کی ہے کہ بین الافغان مذاکرات کے لیے 21 شقوں پر مشتمل ضابطہ اخلاق ترتیب دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ افغانستان کے امن کے لیے اب دونوں فریق ایجنڈے کو سامنے رکھتے ہوئے ہی بات چیت کریں گے۔

افغان میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت اور طالبان کے درمیان 19 سال میں پہلا تحریری معاہدہ طے پایا ہے جس میں دونوں فریقین نے امن مذاکرات کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر دونوں فریقین نے مذاکرات کا طریقہ کار طے کیا، آئندہ بیٹھک میں دونوں فریقین جنگ بندی اور کارروائیوں پر بھی اتفاق کریں گے۔

واضح رہے کہ قطر میں امریکا کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد افغان حکومت اور طالبان کے درمیان رواں سال مارچ میں پہلا باضابطہ رابطہ ہوا تھا جس میں دونوں فریقین نے تشدد کم کرنے سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال بھی کیا تھا۔

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں قطر اور امریکا کے حکام نے بھی شرکت کی تھی۔