ٹک ٹاک نےصارفین کیلئے ایک بڑی سہولت آزمائشی طور پر متعارف کرادی

بیجنگ: معروف ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کیلئے ایک بڑی سہولت آزمائشی طور پر متعارف کرادی ہے۔

انتظامیہ نے ویڈیو شیئرنگ ایپ پر مخصوص صارفین کیلئے ویڈیو کا دورانیہ تین منٹ تک بڑھا دیا گیا ہے جس کی کامیابی کی صورت میں اسے تمام صارفین کیلئے متعارف کرایا جائیگا۔


ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مختصر دورانیے کی ویڈیوز کے لیے استعمال ہونے والی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے ویڈیو کا دورانیہ سیکنڈز سے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ٹک ٹاک انتظامیہ نے ویڈیو کا دورانیہ تین منٹ تک طویل کرنے کا فیچر آزمائش کے لیے متعارف کرادیا۔ جس کے ذریعے یہ معلوم کیا جاسکے گا کہ اگر صارف کو زیادہ دورانیے کی ویڈیو کی سہولت فراہم کی جائے تو اس کے کیا نتائج آئیں گے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے طویل دورانیے کی ویڈیو کی سہولت محدود صارفین کو دی گئی ہے، اگر ابتدائی مرحلے میں کمپنی کو مثبت نتائج ملے تو جلد ہی اسے ایپلیکیشن کا حصہ بنا دیا جائے گا۔


واضح رہے کہ ٹک ٹاک صارفین کو اس وقت زیادہ سے زیادہ ایک منٹ کی ویڈیو شیئر کرنے کی اجازت ہے، یہی بات کمپنی کو منفرد بھی بناتی ہے کیونکہ طویل دورانیے کی ویڈیوز عام طور پر یوٹیوب پر شیئر کی جاتی ہیں۔

مختصر ویڈیوز کی وجہ سے ٹک ٹاک نے بہت کم عرصے میں پذیرائی حاصل کی کیونکہ صارف ویڈیو کو زیادہ سے زیادہ ایک منٹ میں دیکھ کر دوسری کی طرف چلا جاتا ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے ویڈیو کا دورانیہ بڑھانے کے حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا البتہ سوشل میڈیا پر نظر رکھنے والے ماہر کا کہنا ہے کہ یہ فیچر چند صارفین کے زیر استعمال ہے۔