کینبرا:آسٹریلیا کے گورنر جنرل ڈیوڈ ہرلے نے دفاعی فوج کے نئے ارکان سے کہا ہے کہ افغان جنگی جرائم کی تحقیقات کے بعد عوامی اعتماد کو دوبارہ بحال کرنا ان کا فرض ہے۔
2011 اور 2014 کے درمیان آسٹریلیا کی دفاعی فوج (اے ڈی ایف)کے سربراہ رہنے والے اور 2019 سے گورنر جنرل کے عہدہ پر تعینات ہرلے نے دفاعی فوج کی اکیڈمی کے فارغ التحصیل طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ اپنے تعلق میں خدشات کو دور کرنے اور بحال کرنے کی ضرورت ہوگی۔
ہرلے کا یہ بیان سپریم کورٹ کے جسٹس پال بریریٹن کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے ان نتائج کے بعد سامنے آیا ہے، جن میں ایسے قابل اعتبار ثبوت کا انکشاف ہوا کہ آسٹریلیا کے فوجیوں نے 2005 اور 2016 کے درمیان افغانستان میں 39 شہریوں کو قتل کیا۔
ہرلے نے کہا کہ (اے ڈی ایف کے پاس) بریریٹن تحقیقات کے نتائج کے بعد آسٹریلیا کی عوام کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات کو دور کرنے اور ان کو بحال کرتے ہوئے اپنے ملک کی حفاظت کی ایک بھاری ذمہ داری ہے۔
آسٹریلوی عوام کو ملک کی دفاعی فوج کے قریب لانامستقبل میں آپ کے کام کا ایک اہم ترین حصہ ہوگا۔