خاشقجی قتل کے شواہد مٹانے کیلئے سعودی عرب نے ٹیم بھیجی تھی، ترک حکام کا دعویٰ

استنبول: ترک حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے جمال خاشقجی قتل کے شواہد مٹانے کے لیے ماہرین کی ٹیم بھیجی تھی۔

سعودی ماہرین میں ایک کیمسٹ اور دوسرا ٹوکسی کولوجسٹ یعنی زہریلی چیزوں کا ماہر شامل تھا جنہیں شواہد مٹانے کا ٹاسک سونپا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق  ترک حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے استنبول میں واقعے سعودی قونصلیٹ میں قتل کیے جانے والے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے ایک ہفتے کے بعد ہی شواہد مٹانے کے لیے ایک کلین اپ ٹیم بھیج تھی۔

ترک حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیم بھیجنا اس بات ثبوت ہے کہ اعلیٰ سعودی عہدیداران کو اس جرم کا علم تھا اس لیے ترک تفتیش کاروں کے قونصل خانے میں داخلے سے پہلے ہی قونصل خانے اور اس کے رہائشی علاقے میں ثبوت مٹانے کے لیے ٹیم بھیجی گئی تھی۔