آسٹریلیا میں انٹرنیشنل ٹرینی کی اعزازی شمشیرپاکستانی پائلٹ آفیسر کے نام

آسٹریلیا میں انٹرنیشنل ٹرینی کی اعزازی شمشیر پاکستان ائیر فورس کے پائلٹ آفیسر عبد اللہ یونس نے اپنے نام کر لی اور یوں وہ آسٹریلیا میں اعزازی شمشیر جتینے والے پہلے بین الاقوامی ٹرینی آفیسربن گئے۔

پائلٹ آفیسر عبد اللہ یونس کو آسٹریلین ڈیفنس اکیڈمی میں گریجویشن کی تکمیل پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔

پائلٹ آفیسر عبد اللہ یونس کو پی اے ایف اکیڈمی میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر آسٹریلین ڈیفنس فورس اکیڈمی کے لیے چنا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنے آپ کو ثابت کرتے ہوئے کئی پوزیشنز اور ایوارڈ اپنے نام کیے۔

اس موقع پر پائلٹ آفیسر عبداللہ یونس کا کہنا تھا کہ میری کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے اورآج میں فخریہ کہہ سکتا ہوں کہ ہمیشہ کی طرح پاکستان کے نوجوان ملٹری آفیسر سبز پرچم بلند رکھے ہوئے ہیں۔
پائلٹ آفیسرعبد اللہ یونس کا تعلق پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور سے ہے اور انہوں نے مری لوئر ٹوپہ میں واقع پی اے ایف کالج سے گریجویشن مکمل کر کے پاکستان ائیر فورس میں شمولیت اختیار کی تھی۔