امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے صارفین کے لیے اعلان کیا ہے کہ وہ ان کے آئی فونز کی خراب سکرین کو مفت میں تبدیل کر کے دیں گے۔
ایپل کا کہنا ہے کہ نومبر 2019 سے مئی 2020 کے درمیان مینو فیکچر کیے جانے والے آئی فون 11 ایس میں ایک خرابی سامنے آئی ہے۔
ڈسپلے ماڈیول میں خرابی کی وجہ سے اس آئی فون کی اسکرین کا ایک حصہ ٹچ پر کام کرنا بند کر دیتا ہے، ایپل نے ایسے ہزاروں آئی فونز کی اسکرین مفت میں ری پلیس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اگر آپ کے پاس یہ آئی فون ہے اور آپ بھی اس مسئلے کا نشانہ بن رہے ہیں تو خطیر رقم خرچ کرنے کے بجائے مفت میں سکرین تبدیل کروا سکتے ہیں۔
سب سے پہلے اپنے آئی فون کا سیریل نمبر چیک کریں، اس کے لیے سیٹنگز میں جائیں، جنرل پر کلک کریں اور پھر اباؤٹ میں جائیں۔
اس سیریل نمبر کو ایپل کی چیک لسٹ میں ڈالیں، جلد ہی آپ کو پتہ چل جائے گا کہ آپ اس فری ری پلیس منٹ کے حقدار ہیں یا نہیں۔
ایپل کا کہنا ہے کہ اگر اس مسئلے کے علاوہ اسکرین پر کوئی اور مسئلہ ہے جیسے اسکرین پر اسکریچز یا ٹوٹی اسکرین، تو اس کی مرمت کے چارجز وصول کیے جائیں گے۔
ایپل نے کہا ہے کہ بہتر ہے کہ پہلے اس کو درست کروا لیں اس کے بعد آئی فون کو اسکرین ری پلیسمنٹ کے لیے بھیجا جائے۔