بھارتی کسانوں کا احتجاج جاری، نئی دہلی کا گھیراؤ،سڑکیں اور ریلوے ٹریکس بند

نئی دہلی : بھارت میں حکومت کے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کا آج چودہواں دن ہے، فریقین اپنے اپنے موقف پر قائم ہیں جس کی وجہ سے مذاکرات کے پانچ ادوار کے باوجود تعطل برقرار ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بھارت میں متنازع زرعی قوانین کیخلاف چودہ روز سے جاری کسانوں کا احتجاج زور پکڑنے لگا، کسانوں نے نئی دہلی کا گھیراؤ کرلیا، سڑکیں اور ریلوے ٹریکس بند کردیے، احتجاج میں مسلمان کسان بھی پیش پیش رہے۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں سکھوں کو دائرہ بنا کرنمازیوں کی حفاظت کرتے دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں سکھ کسان نمازیوں کے پیچھے کھڑے دعا کرتے بھی نظرآئے۔

بنگلورو، پونہ اور لکھنو سمیت دیگر کئی شہروں میں بھی مارکیٹیں بند ہیں، راستوں پر مظاہرین نے ٹریکٹرکھڑے کردیے، مودی سرکارکی کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں بھی ریلی نکالی گئی۔

واضح رہے کہ کسانوں کے احتجاج سے پیدا شدہ صورت حال کا حل تلاش کرنے کی بھارتی حکومت کی اب تک کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ سیاہ قوانین کی واپسی سے کچھ بھی کم پر راضی نہیں ہوں گے جب کہ مودی سرکار کا کہنا ہے کہ قوانین واپس نہیں لیے جائیں گے البتہ ان میں بعض ترامیم ضرور کی جاسکتی ہیں۔