عملے کو کورونا وائرس سے ڈرا کر بینک لوٹنے کی انوکھی کوشش

 امریکا میں ایک شخص نے بینک کے عملے کو ’کورونا وائرس‘ سے ڈرا کر بینک لوٹنے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش ناکام ہوگئی۔

خبروں کے مطابق، امریکی ریاست جارجیا میں ایک بینک کی برانچ میں ایک ادھیڑ عمر شخص داخل ہوا جو بالکل نہتا تھا۔ اس نے بینک کے عملے سے کہا کہ وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہے اور اگر اس کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو وہ برانچ میں موجود ہر شخص کو اس وائرس سے متاثر کردے گا۔ تاہم عملے نے اس کی دھمکی پر کوئی توجہ نہیں دی بلکہ فوراً پولیس کو کال کردی جس پر وہ شخص وہاں سے خالی ہاتھ فرار ہوگیا۔
بعد میں پولیس نے بینک برانچ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس شخص کو گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا۔

تفتیش کرنے پر اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکار تھا اور اسے دو ہزار ڈالر کی اشد ضرورت تھی۔ اپنے حالات سے مجبور ہوکر وہ بینک لوٹنے جیسا مجرمانہ اور انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوا۔

اس واقعے سے اگر ایک طرف امریکا میں کورونا وائرس سے پھیلنے والی معاشی بدحالی کا اندازہ ہوتا ہے تو دوسری جانب اس خدشے نے بھی سر اٹھایا ہے کہ آنے والے وقت میں کوئی جرائم پیشہ یا دہشت گرد گروہ کورونا وائرس کو بطور ہتھیار استعمال کرسکتا ہے، جو اس خطرے کو مزید بڑھا سکتا ہے۔