امریکا، پراسرار ستون دوبارہ ایک گھر کے سامنے نمودار ہوگیا ، مالک خوش

امریکا میں پراسرار ستونوں کے نمودار ہونے کا سلسلہ جاری ہے، ایک اور ستون ایک شخص کے گھر کے سامنے نمودار ہوگیا، اس بار یہ ستون لکڑی کا بنا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ نیا ستون واشنگٹن ڈی سی میں ایک شخص کے گھر کے سامنے نمودار ہوا ہے۔

بل اینڈرسن نامی اس شخص کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز وہ صبح کے وقت اپنے اہلخانہ کے ساتھ سیر و تفریح کے لیے نکلا، دوپہر کو جب وہ واپس آئے تو یہ ستون گھر کے سامنے لان میں گڑا ہوا تھا۔

بل کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پڑوسی بھی بے خبر ہیں اور انہوں نے یہاں کوئی مشکوک سرگرمی نہیں دیکھی۔

بل نے بتایا کہ ان کے گھر کے باہر سیکیورٹی کیمرے بھی نصب ہیں تاہم جب انہوں نے وہ چیک کیے تو حیرت انگیز طور پر سب کی بیٹریاں ڈیڈ تھیں اور اس میں کچھ ریکارڈ نہ ہوسکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس پراسرار ستون کے بارے میں کہانیاں سن چکے ہیں اور خوش ہیں کہ نادیدہ خلائی مخلوق نے اس بار ان کے گھر کا انتخاب کیا، انہیں اس بات کی بھی خوشی ہے کہ شہر کے لوگ ان کے گھر کے باہر آ کر اس کے ساتھ سیلفیاں بنا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سب سے پہلا دھاتی ستون امریکی ریاست یوٹاہ کے صحرا میں نمودار ہونے کے بعد غائب ہوا تھا، بعد ازاں یورپی ملک رومانیہ میں بھی ایسا ہی ستون اچانک نمودار ہوا اور غائب ہوگیا۔

اس کے بعد ایک اور امریکی ریاست کیلی فورنیا میں تیسرا ستون نمودار ہوا اور چند دن بعد وہ بھی غائب ہوگیا۔ ایک اور ستون نیدر لینڈز جبکہ ایک سنہرا ستون کولمبیا میں نمودار ہوا تھا۔

اکثر افراد یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ یہ ستون خلائی مخلوق یہاں نصب کر گئی ہے اور اب ان کی موجودگی کا خیال انہیں خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔

امریکا اور رومانیہ میں نظر آنے والی یہ انوکھی چیز 1968 کی مشہور سائنس فکشن فلم 2001 اے اسپیس اوڈیسے کی یاد دلاتی ہے۔ اس فلم میں بھی اسی طرح کا خلائی ستون دکھایا گیا تھا۔