قاہرہ: مصر میں 55 سال تک رشتہ ازدواج میں منسلک رہنے والے شوہر کی وفات کے صرف 90 منٹ بعد ہی بیوی بھی خالق حقیقی سے جا ملی۔
یہ واقعہ مصر میں قناطر الخیریہ کے دیہی علاقے میں پیش آیا جہاں 8 دسمبر کو مغرب کی اذان کے بعد شوہر کا انتقال ہوا اور جیسے ہی یہ اطلاع وفات پانے والے شخص کی بیوی کو ملی تو وہ اس پر بہت زیادہ افسردہ ہوئیں اور صدمہ برداشت نہ کرسکیں۔
شوہر کی نمازجنازہ اور تدفین وغیرہ کے معاملات بھی مکمل نہیں ہوئے تھے اور اس کی بیوی صرف 90 منٹ بھی جدائی میں نہ گزار پائی تھی اور خالق حقیقی سے جا ملی جس کے بعد دونوں کا جنازہ ایک ساتھ ہی اٹھایا گیا جس میں پورا علاقہ بھی شریک تھا۔
اس حوالے سے مصری جوڑے کے بیٹے احمد شفیق نے بتایا کہ ان کے والدین نے ایک مثالی ازدواجی زندگی گزاری، 55 سال گزرنے کے باوجود ان کی محبت میں کمی نہیں آئی، میری 4 بہنیں ہیں لیکن ہم نے کبھی انہیں لڑتے ہوئے نہیں دیکھا۔
ہماری والدہ کو سینے کا کینسر ہوگیا تھا جس کا علاج جاری تھا تاہم علاج کے باعث وہ بہت زیادہ کمزور اور لاغر ہوگئی تھیں اور یہ چیز ہمارے والد کے لیے بہت زیادہ پریشانی کا باعث تھی اس کی وجہ سے وہ خود بھی بیمار ہوگئے تھے۔