کراچی: پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک میں یوٹیوب سمیت گوگل کی دیگر سروسز اچانک غیر فعال ہونے کے بعد بحال ہوگئی ہیں۔
ابتدا میں ٹوئٹر پر یورپ سے تعلق رکھنے والے مختلف صارفین کی جانب سے گوگل کی سروسز یوٹیوب، جی میل، گوگل ڈرائیو، گوگل پلے اسٹور، وغیرہ تک رسائی نہ ہونے یا ویب سائٹ کے کام نہ کرنے کی شکایات سامنے آئیں۔
اس حوالےسے یوٹیوب ٹیم کے آفیشل پیچ سے ٹوئٹ بھی کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ہمیں معلوم ہے کہ صارفین کو دشواری پیش آرہی ہے۔ ٹیم اس پر کام کررہی ہے، اس بارے میں مزید معلومات آپ تک پہنچائی جاتی رہے گی۔
یورپ کے بعد پاکستان ، بھارت، آسٹریلیا اور امریکا سمیت دیگر ممالک سے بھی یہی شکایات سامنے آنے لگیں۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل یورپ میں معروف آڈیو اسٹریمنگ سروس اسپاٹی فائی بھی ایک گھنٹے کے لیے اسی طرح ڈاؤن ہوگئی تھی۔
تاحال گوگل کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باقاعدہ بیان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی عالمی سطح پر سروس میں آنےو الے اس غیر معمولی خلل کی کوئی وجہ بتائی گئی ہے۔
ٹوئٹر سمیت سماجی رابطے کے مختلف پلیٹ فورمز پر یوٹیوب اور گوگل کی بندش کی شکایات کے ساتھ ’’میمز ‘‘ بھی پوسٹ کی گئیں۔ صارفین کا کہنا تھا کہ یہ بھی ایک الگ مشکل ہے کہ جہاں گوگل نہیں چل رہا وہاں بھی دھیان اسی جانب جاتا ہے کہ اس سوال کا جواب جاننے کے لیے گوگل ہی کیا جائے۔ اس صورت حال پر ٹوئیٹر پر #YouTubeDOWN اور #googledown کے ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کررہے ہیں۔