پنجاب کے ضلع جھنگ میں تھیلیسیمیا کی 13 سالہ مریضہ مدیحہ کو اس کی خواہش پر ایک دن کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) بنایا گیا۔
جھنگ کے علاقے پُرانا چنیوٹ روڑ کی رہائشی 13سالہ مدیحہ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہے۔
مدیحہ بیمار ہونے کی وجہ سے اپنی پڑھائی جاری نہ رکھ سکی تو اس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ سرفراز خان ورک کو ایک دن کیلئے ڈی پی او بننے کی خواہش ظاہر کی۔
مریضہ بچی کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے اُسے ایک دن کیلئے ڈی پی او جھنگ بنا دیا گیا۔
مدیحہ کو ڈی پی او کے بیج لگے یونیفارم میں ڈی پی او کی گاڑی میں گھر سے پولیس لائنز تک لایا گیا جہاں ڈی ایس پی سٹی سرکل سیف اللہ بھٹی نے اس کا استقبال کیا۔
پولیس لائنز آمد پر چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ مدیحہ نے یادگار شہدائے پولیس پر پھول چڑھائے۔
مدیحہ نے بطور ڈی پی او چارج سنبھالنے کے بعد دفتر کی مختلف برانچز کا دورہ کیا۔
مدیحہ نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور ایک اہلکار کو چھٹی دینے کے احکامات بھی جاری کیے۔