معروف امریکی جریدے 'فوربز' نے دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو ویب سائٹ ’یوٹیوب‘ پر ایک سال میں ریکارڈ کمائی کرنے والے افراد کی فہرست جاری کردی۔
گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی یوٹیوب پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والے افراد میں 9 سالہ ریان کجی ہی سرفہرست رہے۔
وہ سال 2019 میں یوٹیوب پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والے فرد قرار پائے تھے اور انہوں نے 2 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر (4 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کمائی کی تھی۔
9 سالہ ریان کجی یوٹیوب پر نہ صرف کھِلونوں اور گیمز پر تبصرے کرتے ہیں بلکہ دیگر ویڈیوز بھی اپلوڈ کرتے ہیں جو کافی پسند کی جاتی ہیں۔
ریان کجی ریانز ورلڈ (Ryan's World) کے نام سے ایک یوٹیوب چینل چلاتے ہیں جو بچوں کے لیے ایک متاثر کن چینل ہے جہاں سائنسی تجربات، میوزک ویڈیوز، کچھ مہارتیں، چیلنجز اور اس کے ساتھ ساتھ ڈی آئی وائے آرٹس اینڈ کرافٹس دکھائے جاتے ہیں۔
9 سالہ ریان امریکا کی ریاست ٹیکساس میں رہتے ہیں، انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل سے نہ صرف 2 کروڑ 95 لاکھ ڈالر (4 ارب 72 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کمائے بلکہ انہوں نے ریانز ورلڈ کے برانڈڈ ٹوائز اور کپڑوں جن میں مارکس اینڈ اسپینسر بھی شامل ہیں سے 20 کروڑ ڈالر (32 ارب پاکستانی روپے) کمائے۔
علاوہ ازیں حال ہی میں انہوں نے نکلوڈین پر اپنی ٹی وی سیریز کے لیے ایک معاہدہ بھی کیا۔
ریان کجی کی سب سے مقبول ویڈیو ہیوج ایگز سرپرائز ٹوائز چیلنج ہے جسے 2 ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے اور یہ یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی 60 ویڈیوز میں سے ایک ہے۔
دی گارجین کے مطابق انفلوئنسر ہونے کی وجہ سے کئی کمپنیز نے ریان سے رابطہ کیا ہے تاکہ وہ مارکیٹ میں آنے والے ان کے نئے کھلونے کھولیں، متعارف کرواسکے۔
تیزی سے مقبولیت کے باعث ریان خود ایک برانڈ بن چکے ہیں۔
فوربز کی فہرست کے مطابق سال 2020 میں یوٹیوب پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والے افراد میں دوسرے نمبر پر جمی ڈونلڈ سن ہیں جو مسٹر بیسٹ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔
انہوں نے سال 2020 میں 2 کروڑ 40 لاکھ (3 ارب 84 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کمائے اور وہ اس فہرست میں شامل ہونے والے نئے فرد ہیں۔
تیسرے نمبر پر ڈوڈ پرفیکٹ یوٹیوب چینل ہے جس نے اس سال 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر (3 ارب 68 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کمائے۔
چوتھے نمبر پر ریٹ اینڈ لنک ہیں جنہوں نے 2 کروڑ ڈالر (3 ارب 20 کروڑ پاکستانی روپے) کمائے اور مارک پلر نے ایک کروڑ 95 لاکھ ڈالر (3 ارب 12 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کی کمائی کی۔
اس فہرست میں چھٹے نمبر پر پریسٹن آرسمنٹ ہیں جنہوں نے ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر (3 ارب سے زائد پاکستانی روپے) کمائے۔
ساتویں نمبر پر 6 سالہ روسی یوٹیوبر اناستاسیا ہیں جو 'ناستیا' کے نام سے جانی جاتی ہیں، انہوں نے ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالر (2 ارب 96 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کمائے
اس فہرست میں آٹھویں نمبر پر اسٹیون جان ہیں جنہوں نے ایک کروڑ 70 لاکھ (2 ارب 72 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کمائے۔
نویں نمبر پر ڈیوڈ ڈوبرک ہیں جنہوں نے ایک کروڑ 55 لاکھ ڈالر (2 ارب 48 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کی کمائی کی۔
دسویں نمبر پر جیفری اسٹار ہیں جنہوں نے اس سال ڈیڑھ کروڑ امریکی ڈالر (2 ارب 40 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کمائے۔