کراچی: سرچ انجن گوگل نے ترک اداکارہ اسرا بلگیچ جو حلیمہ سلطان کے نام سے مشہورہیں کو پاکستانی اداکار یاسر حسین کی ماں بنادیا۔
اگرسرچ انجن گوگل اوروکی پیڈیا پریاسرحسین کا نام لکھ کرسرچ کیا جائے تو ان کے والدین کے نام کی جگہ اسرا بلگیچ کا نام درج ہے۔
اب یہ گوگل کے الگورتھم کی غلطی ہے یا کسی نے جان بوجھ کرشرارت کی ہے یہ تو گوگل انتظامیہ ہی بتاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ جب سے ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ پاکستان میں نشر ہونا شروع ہوا ہے یاسر حسین اس ڈرامے کے سب سے بڑے مخالف رہے ہیں۔
اداکارہ اسرا بلگیچ نے اس ڈرامے میں حلیمہ سلطان نامی خاتون کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان میں یہ ڈراما اور اس کے اداکار اتنے زیادہ مقبول ہوئے کہ مختلف برانڈز نے ان اداکاروں کو اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے بطور سفیر مقرر کرلیا۔ اسرا بلگیچ بھی کئی پاکستانی برانڈز کے اشتہارات میں کام کرچکی ہیں۔
یاسر حسین ترک فنکاروں کو پاکستانی برانڈزکی مصنوعات کی تشہیر کرنے کے ہمیشہ ہی مخالف رہے ہیں اور اس وجہ سے سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔