کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار مائیکل جیکسن کے انتقال کے ایک دہائی بعد ان کی رہائش گاہ ‘نیورلینڈ رینچ’ صرف 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز میں فروخت کردی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جریدے ‘وال اسٹریٹ جرنل’ نے دعویٰ کیا ہے کہ مائیکل جیکسن کا 2 ہزار 700 ایکڑ پر محیط عالیشان گھر اُن کے دوست اور ارب پتی سرمایہ کار رون برکلے نے خرید لیا ہے۔
محض 5 سال قبل 2015 میں مائیکل جیکسن کے اس خوبصورت گھر کی قیمت 10 کروڑ ڈالر رکھی گئی تھی تاہم گھر فروخت نہیں ہوسکا جس کے بعد 2017 میں کم ہو کر اس کی قیمت 6 کروڑ 70 لاکھ ہوگئی۔
نامعلوم وجوہات کی بنا پر کر شہرہ آفاق گلوکار کی رہائش گاہ اس قیمت پر بھی فروخت نہیں ہو سکا اور اس بار اسے صرف 2 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالرز میں فروخت کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ مائیکل جیکسن نے یہ گھر 1988 میں ایک کروڑ 95 لاکھ ڈالر میں خریدا تھا تاہم 2008 میں مالی بحران کے باعث اسے قرض کے لیے گروی رکھ دیا تھا تاہم اگلے ہی برس وہ 50 سال کی عمر میں نیند آور ادویات کی زیادہ مقدار لینے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔