ساڑھے 11کروڑ پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا چوری ہونے بارے رپورٹ عدالت میں جمع

وزارت داخلہ نے ساڑھے 11کروڑ پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا چوری کیس میں رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرادی۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے اس حوالے سے انکوائری بورڈ تشکیل دیا تھا اور ایک کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ موبائل فون استعمال کرنے والوں کا ڈیٹا شیئر ہوا ہے۔

رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانیوں کا نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا ڈیٹا چوری نہیں ہوا، اس حوالے سے ریٹیرز (rewterz smc pvt limited ) کی اپنی رپورٹ بھی اس بات کی تصدیق کررہی ہے لیک ہونا والا ڈیٹا نادرا کے سیمپل سے میچ نہیں کرتا اور درست بھی نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے تفصیلی فارنزک تجزیہ بھی کرایا گیا ہے جس میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ ڈیٹا نادرا کی جانب سے لیک نہیں ہوا اور ڈیٹا چوری کے معاملے پر منسٹری آف انفارمیشن ٹیکنالوجی بہتر بتا سکتی ہے، عدالت جو حکم دے گی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

عدالت نے درخواست گزار کو وزارت داخلہ کی رپورٹ کا جائزہ لے کر جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔