واشنگٹن : امریکا میں ایک ننھی کھلونا کار کی قیمت نے سننے والوں کے ہوش اڑا دیئے، جسے اب تک کا سب سے مہنگا ترین قرار دیا جارہا ہے کیونکہ اس کی قیمت عام گاڑیوں سے کہیں زیادہ ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بیچ بم نامی ووکس ویگن بس کے1969 ورژن کی قیمت لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ ڈالر ہے جو پاکستانی کرنسی میں دو کروڑ چالیس لاکھ روپے بنتی ہے، اسے دنیا کی سب سے قیمتی ہاٹ وہیل کار کہا جاتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ووکس ویگن بیچ بم پروٹو ٹائپ کا سائز 1/64ہے۔ اس گاڑی کی تیاری 1969 میں ہوئی تھی جب ووکس ویگن اور ہاٹ وہیلس کو پہلی بار متعارف کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی سے تعلق رکھنے والے معروف تاجر اس طرح کی 3 ہزار 500 گاڑیوں کے مالک ہے جبکہ اُن کے پاس 179 ایسی نایاب اور قیمتی کھلونا گاڑیاں ہیں جو اب تک عوام کی نظروں میں نہیں آسکیں۔
کمرشل ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ہاٹ وہیل کار 7 سال کی عمر میں خریدی تھی۔ لینڈری کا کہنا ہے کہ اس گاڑی کو اگر فروخت کیا جائے تو اس کی قیمت باآسانی ایک لاکھ پچاس ہزار امریکی ڈالرز یا اُس سے زائد مل سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس گاڑی کی اہمیت گزشتہ چند ماہ میں بہت بڑھ گئی ہے جس کی بنیاد پر میں کہہ سکتا ہوں کہ اس کی فروخت توقع سے زیادہ رقم دے گی۔