کراچی: اداکارہ ماہرہ خان نے سینئراداکارہ مرینہ خان کو شوبز انڈسٹری میں اپنی پہلی دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کامیابیوں میں مرینہ خان کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔
ماہرہ خان نے مرینہ خان کی سالگرہ پر ان کیلئے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام تحریر کیا ہے۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ دنیا کیلئے مرینہ خان پاکستان کی سب سے پیاری خاتون ہیں‘ لیکن میرے لئے مرینہ میری اس انڈسٹری میں سب سے پہلی دوست ہیں۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ مرینہ خان اور ان کے شوہر وہ پہلے لوگ ہیں جنہوں نے مجھے اس انڈسٹری میں ہونے کا احساس کروایا اور مجھے خوش آمدید کہا۔
آج میں جو کچھ بھی ہوں اس میں لاشعوری طور پر مرینہ خان اور ان کے شوہر کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔
جس طرح میں اپنے آپ کو لیکر چلتی ہوں اور میں جس طرح اپنے جونیئرز اور سینئرز کے ساتھ پیش آتی ہوں۔ جس طرح میں اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کو سنبھالنے کی کوشش کرتی ہوں۔ یہ سب کچھ ان دنوں کی وجہ سے ہے جو میں نے مرینہ خان کے گھر پر گزارے۔
مرینہ خان کا گھر جو ہمیشہ ہر کسی کیلئے کھلا رہتا ہے۔ جہاں میں بہت سے غیر معمولی لوگوں سے ملی۔ میں ہمیشہ اس بات کی شکرگزار رہوں گی کہ آپ دونوں میری زندگی میں ہیں۔ آخر میں ماہرہ خان نے مرینہ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔