پاکستانی مسجد اقصیٰ کی زیارت کب کرینگے؟فلسطینی اینکر کے سوال پر طاہر اشرفی رو پڑے

اسلام آباد:پاکستانیوں کے مسجد اقصیٰ آنے سے متعلق فلسطینی اینکر کے سوال پر طاہر اشرفی رو پڑے۔

فلسطینی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران خاتون اینکر کے پاکستانیوں کے مسجد اقصیٰ آنے سے متعلق سوال پر وزیر اعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔

فلسطینی ٹی وی چینل کی خاتون اینکر نے مولانا طاہر اشرفی سے سوال کیاکہ ہمارے پاکستانی بھائی کب ارض قدس آئیں گے؟ کیا آپ لوگ القدس کی زیارت میں دلچسپی رکھتے ہیں؟ ہم کب آپ لوگوں کو اپنی سرزمین میں دیکھیں گے؟

اس سوال پر وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔

اپنے جواب میں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عنقریب وہ دن آجائے گا کہ ہم مسجد اقصیٰ آئیں گے، ہم نہیں چاہتے کہ ہم جابر اسرائیل سے اجازت لیکر مسجد اقصیٰ آئیں۔ 

انہوں نے کہاکہ ہمیں اسرائیل سے ویزا لیکر اقصیٰ جانے کی ضرورت نہیں بلکہ ہم اس وقت آئیں گے جب فلسطین ایک آزاد ریاست بن جائے گی۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم اہل فلسطین سے ویزا لیکر مسجد اقصیٰ کی زیارت کریں گے، ہمارا حال پوچھیں تو دل چاہتا ہے کہ ہم اگلے ہی لمحے مسجد اقصیٰ پہنچیں اور نماز ادا کریں، ہم فلسطین کے نوجوانوں اور ان کے بچوں سے ملیں۔