شیاؤمی نے بھی اپنا نیا فون بغیر چارجر کے پیش کرنے کا اعلان کردیا

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے بعد اب معروف چینی کمپنی شیاؤمی نے بھی اپنا نیا فون بغیر چارجر کے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

چینی کمپنی شیاؤمی کے چیف ایگزیکیٹو آفسر لی جون کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ وہ اپنے آنے والے فون ایم آئی 11 فلیگ شپ کو بغیر چارجر کے پیش کریں گے۔

شیاؤمی نے بھی فون کے ساتھ چارجر نہ دینے کی وہی وجہ پیش کی ہے جو ایپل نے کی تھی۔

شیاؤمی کے سی ای او نے کہا کہ لوگوں کے پاس فون کے چارجر پہلے ہی موجود ہوتے ہیں اور نئے چارجر بنانا ماحول کے لیے بوجھ ثابت ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ایم آئی 11 کے ساتھ چارجر پیش نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے جب آئی فون 12 کی سیریز لانچ کی گئی تھی تو انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ فونز کے ساتھ چارجر پیش نہیں کریں گے جس کے بعد سام سنگ نے ایپل کا مذاق اڑایا تھا۔

بعدازاں سام سنگ کے حوالے سے متعدد ٹیکنالوجی ویب سائٹس یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ وہ بھی اپنے آنے والے نئے فونز کے ساتھ چارجر پیش نہیں کریں گے۔