اسلام آباد: کورونا ٹاسک فورس نے تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کی تجویز دے دی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق چیئرمین کورونا ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، انہوں نے حکومت کو تعلیمی ادارے مزید کچھ عرصہ بند رکھنے کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔صورتحال بہتر نہ ہو تو سکولزبند رکھے جائیں۔
تعلیمی ادارے کھولنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، میرے خیال سے اس فیصلے پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی کوئی دوا نہیں ہے، ویکسین صرف بچاؤ کے لیے ہے۔ہوائی جہاز میں مسافروں کو فاصلے سے بٹھایا جائے۔ویکسین کو صحت مند لوگ بچاؤ کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
قبل ازیں ڈاکٹر عطاالرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس ہر ہفتے اپنی شکل تبدیل کر رہا ہے۔ایسے میں دفعہ 144 کا نفاذ کر کے جلسے جلوسوں پر بھی پابندی عائد کی جائے۔ کیونکہ جلسے جلوسوں میں کورونا وائرس کے پھیلنے کا سب سے زیادہ چانس ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس میں 109 جینیاتی تبدیلیاں آئی ہیں۔ خطرہ بڑھ چکا ہے، اموات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈاکٹر عطاء الرحمان نے مزید کہا کہ برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم آنے پر پورا یورپ لاک ڈاؤن کی طرف جا رہا ہے۔
پاکستان کو بھی اپنا فلائٹ آپریشن بند کر دینا چاہیے تاکہ وائرس کو ملک میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔