خیبر پختونخوا حکومت تعلیمی ادارے 11جنوری سے کھولنےکو تیار 

پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے 4جنوری کے وزرائے تعلیم کے اجلاس کیلئے سفارشات تیار کر لی ہیں ٗ جس کے مطابق صوبائی حکومت 11جنوری سے سخت ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کی تجویز دیگی۔

 اس ضمن میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے صوبائی حکومت کی ہدایت پر سفارشات تحریری طور پر وزیر تعلیم کو ارسال کر دی ہیں۔

 ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت 11جنوری سے تمام تعلیمی ادارے کھولنا چاہتی ہے جس کیلئے مروجہ کورونا ضابطہ اخلاق کو مزید مؤثر بنانے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

  سفارشات میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے ہی ایسے مقامات ہیں جہاں پر کورونا ایس او پیز پر سب سے زیادہ عمل درآمد ہوتا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں تجارتی مراکز اور دیگر پبلک مقامات پر ضابطہ اخلاق کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جاتا۔

 سفارشات میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے 11جنوری سے کھول  دیئے جائیں تاہم ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ سکول سربراہ کے خلاف کاروائی کی جائے جبکہ سماجی فاصلے کے قانون کی بھی پاسداری کی جائے۔