بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کا شمار فلمی انڈسٹری کی مصروف ترین شخصیات میں ہوتا ہے جوکہ فلموں کے ساتھ اشتہارات اور ٹی وی شوز میں بھی مصروف رہتے ہیں تاہم وہ سوشل میڈیا ہر مداحوں سے رابطہ رکھنا نہیں بھولتے۔
امیتابھ سوشل میڈیا پر پابندی کے ساتھ اپنی تصاویر، اقوال ذریں اور اپنے والد ہری ونش رائے بچن کے علاوہ دیگر افراد کی شاعری سوشل میڈیا پر شیئرکرتے رہتے ہیں۔
چند روز قبل امیتابھ نے ٹوئٹر پر چائے اور زندگی سے متعلق ایک دلچسپ نظم پوسٹ کی جسے 16 ہزار سے زیادہ افراد نے پسند کیا اور ایک ہزار سے زائد افراد نے کمنٹس کیے جن میں تیشا اگروال نامی ایک خاتون صارف بھی شامل تھیں۔
تیشا اگروال کا کہنا تھا کہ یہ میری نظم ہے، آپ کی پوسٹ میں دیکھ کر خوشی ہوئی، تاہم اگر اس نظم کے ساتھ میرا نام دے دیں گے تو میری خوشی اور فخر دگنا ہوجائےگا۔
خاتون کے کمنٹ کے بعد امیتابھ بچن نے ایک اور ٹوئٹ میں خاتون سے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تیشا اگروال کی نظم ہے جس کا کریڈٹ انہیں ملنا چاہیے، مجھے علم نہیں تھا،کسی نے مجھے بھیجی، مجھے لگا اسے پوسٹ کرنا چاہیے۔
خاتون شاعرہ نے امیتابھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے معافی نہیں چاہتی تھی، یہ آپ کا بڑا پن ہے جس پرمیں شکر گزار ہوں۔
خیال رہے کہ چند ماہ قبل بھی امیتابھ نے ایک دوسرے شاعر کی نظم اپنے والد کے نام سے پوسٹ کردی تھی جس پر انہیں بعد میں معذرت کرنا پڑی تھی۔