بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور رنبیر کپور کے انکل رندھیر کپور نے رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی اور منگنی کے حوالے سے زیر گردش تمام خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ رنبیر اور عالیہ کی منگنی نہیں ہورہی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ کئی روز سے یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں موجود ہیں اور آج اُن کی منگنی کی تقریب منعقد کی گئی ہے۔
اس حوالے سے رنبیر کپور کے انکل اداکار رندھیر کپور کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ ’یہ سچ نہیں ہے کہ رنبیر کپور او عالیہ بھٹ آج منگنی کررہے ہیں، میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ جے پور میں چھٹیاں گزار رہا ہوں،جہاں رنبیر، عالیہ اور نیتو سنگھ بھی چھٹیاں گزارنے کے لیے آئے ہیں۔
رندھیر کپور نے کہا کہ ہم نئے سال کا جشن بھی یہیں منائیں گے جبکہ رنبیر اور عالیہ کی شادی سے متعلق زیر گردش تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتو سنگھ، عالیہ بھٹ اور اُن کی بہن شاہین بھٹ چھٹیاں گزارنے جے پور گئے تھے ، وہاں سونی رزدان (عالیہ بھٹ کی والدہ)، ردھیما کپور (رنبیر کپورکی بہن) اور اُن کے شوہر بھی ان لوگوں کے ساتھ مل گئے۔
گزشتہ روز اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ کی بھی اتفاقاً ان تمام لوگوں سے ملاقات ہوگئی۔
رندھیر کپور نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے باعث عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی ملتوی کی گئی ہے، جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے دونوں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
واضح رہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ تقریباً تین سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، عالیہ اکثر رنبیر کے ساتھ اُن کی گھریلو تقریبات میں دکھائی دیتی ہیں۔
رنبیر کپور کے انکل رندھیر کپور اداکارہ کرینہ کپور اور کرشمہ کپور کے والد ہیں اور اس طرح رنبیر کپور، کرینہ کپور اور کرشمہ کپور آپس میں کزنز ہوئے۔