وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے آج کے اجلاس میں بھی کچھ نہیں ہوگا، کیونکہ یہ ایک عارضی اور وقتی اتحاد ہے اور اس میں شامل جماعتوں میں کوئی ذہنی ہم آہنگی نہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کبھی بھی سندھ حکومت سے علیحدہ ہونے کوتیارنہیں ہوگی،کیونکہ پیپلزپارٹی کا فیصلہ واضح ہے جس کا پی ڈی ایم میں شامل دوسرے جماعتوں کو بھی پتہ ہے کہ وہ استعفے نہیں دیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ویڈیو لنک اوراجلاس میں بیٹھنے میں فرق ہے، آج اہم اجلاس ہے تو بلاول بھٹو جاتی امرا میں دکھائی کیوں نہیں دے رہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل دوسرے جماعتوں کویہ بھی معلوم ہونا چاہیئے کہ پیپلزپارٹی میں فیصلہ آصف زرداری کرتے ہیں، باقی سب مہرلگاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 31 دسمبرکی تاریخ آئی اورگزرگئی استعفے نہیں آئے، اسی طرح31 جنوری بھی آئے گی اوران شاء اللہ چلی جائے گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے آج کے اجلاس میں بھی کچھ نہیں ہوگا، کیونکہ یہ ایک عارضی اور وقتی اتحاد ہے اور اس میں شامل جماعتوں میں کوئی ذہنی ہم آہنگی نہیں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سب کو پتہ ہے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اراکین نے استعفے مولانا فضل الرحمان کو دینے سے انکار کردیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سیاسی عمل کے قائل ہیں، وزیراعظم کوعوام کا مینڈیٹ اوراعتماد حاصل ہے، عمران خان استعفی نہیں دیں گے۔