وزیراعظم عمران خان نے سال نو کیلئے دو اہداف مقرر کرلیے جن میں صحت کی مفت سہولیات اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام شامل ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے سال نو 2021 کے دو اہداف ہیں جن میں ایک تو “یونیورسل ہیلتھ کوریج” ہے جو پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خوا کے لیے ہوگا، ہر گھرانے کے پاس ہیلتھ انشورنس ہوگی، شہری کسی بھی اسپتال میں جاکر ہیلتھ کارڈ دکھاکر اپنا علاج کراسکیں گے، یہ بہت بڑا چیلنج ہے اور اس طرح کا پروگرام امیر ممالک میں بھی نہیں ہوتا۔
عمران خان نے بتایا کہ دوسرا پروگرام ہے کہ “کوئی پاکستان میں بھوکا نہ سوئے”، اس میں پوری قوم اور سارا ملک شامل ہوگا، آئی ٹی کا استعمال کرکے ان علاقوں کی نشاندہی کریں گے جہاں بھوک زیادہ ہے، فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر احساس پروگرام کے ذریعے یہ نیا پروگرام لانچ کروں گا تاکہ سال کے آخر تک پاکستان وہ ملک بن جائے کہ کوئی شہری بھوکا نہ سوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا پہلا سال معیشت کی بحالی میں لگا، دوسرے سال بدقسمتی سے کورونا کا سامنا ہوگیا جس میں حکومتی حکمت عملی کامیاب رہی، ہم نے لوگوں کو بھوک سے بچایا اور پاکستان نے برصغیرمیں کووڈ میں سب سے زیادہ تیزی سے ریکور کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2021 ترقی کا سال ہے، پاکستان مثبت سمت میں جا رہا ہے، کاروبار دوست پالیسی بنا کر صنعتوں کو ترقی دیں گے، ہم ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو اپنے گھر بنانے کی سہولیات متعارف کرواتے ہوئے کہا تعمیرات کے شعبے میں 186 ارب مالیت کے منصوبے رجسٹرڈ ہیں،ان منصوبوں سے پنجاب میں روزگار کے ڈھائی لاکھ مواقع پیدا ہوں گے ،کم لاگت والے گھروں پر بینک ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا ،378 ارب روپے بینکوں نے ہاؤسنگ کے شعبے کیلئے رکھا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا 10 مرلے کے گھر پر 7 فیصد سے زیادہ انٹرسٹ ہوگا ،پہلے ایک لاکھ گھروں پر 3 لاکھ سبسڈی ملے گی ،تمام شہروں میں نئے ماسٹر پلان بنائے جائینگے ،شہروں کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ماسٹرپلان ضروری ہیں،ماسٹرپلان سے سیوریج ،پانی کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ،انہوں نے کہا لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کررہے ہیں۔