کراچی: بھارت کی معروف کامیڈی سٹار بھارتی سنگھ نے پاکستان کے ننھے سوشل میڈیا سٹار احمد شاہ کی سالگرہ کے موقع پر ان کے لیے ایک خوبصورت ویڈیو پیغام بھیجا ہے۔
بھارتی سنگھ نے ویڈیو میں سب سے پہلے احمد شاہ کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور پھر احمد شاہ کی ویڈیو کی تعریف کی جو انہوں نے بھارتی سنگھ کو بنا کر بھیجی تھی۔
بھارتی سنگھ نے مزید کہا احمد میں آپ سے ملنے کے لیے بہت پُرجوش ہوں انشااللہ ہم بہت جلد ملیں گے۔ میں آپ سے مل کر آپ کو بہت زیادہ پیار کرنا چاہتی ہوں۔
بھارتی سنگھ نے مزید کہا احمد آج آپ کی سالگرہ ہے آپ کی عمر بہت لمبی ہو آپ ہمیشہ صحت مند رہواور سب کا پیار پاتے رہو۔
احمد شاہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گزشتہ روز بھارتی سنگھ کی یہ ویڈیو شیئر کی گئی اور احمد نے بھارتی سنگھ کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے ننھا سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ جتنا مقبول پاکستان میں ہے اتنا ہی مقبول بھارت میں بھی ہے۔
بھارتی سنگھ اور گلوکار یو یو ہنی سنگھ تو اکثر احمد شاہ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ جب کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی بھی ایک ویڈیو منظرعام پر آئی تھی جس میں وہ احمد شاہ کی وائرل ہونے والی ویڈیو ’’اوئے پیچھے تو دیکھو‘‘ پر ایکٹ کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔