پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی مائننگ کیلئے پلانٹ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا نے ریسرچ اسٹڈی مکمل کرلی ہے، سوات اور شانگلہ میں کرپٹو مائننگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیرآئی ٹی ضیا اللہ بنگش نے کہا کہ ڈیجیٹل کرنسی کے لئے بٹ کوائن خود بنائیں گے اور اس کیلئے ریسرچ فنڈ مختص کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی پہلے ہی کرپٹو کرنسی بنانے کے حوالے سے قرارداد پاس کرچکی ہے۔
ضیا اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس کی کہ پاکستان کو ڈیجیٹل میدان میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ آغازخیبر پختونخوا سے ہوا ہے دیگر صوبے بھی تقلید کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا نجی ادارے بھی ڈیجیٹل کرنسی بنا سکتے ہیں۔ حکومت نجی اداروں کو این او سی دے گی۔
خیال رہے کہ استعمال میں اضافے کے باعث ورچل کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ایک بٹ کوائن کی قیمت پہلی بار33 ہزارڈالر سے بڑھ گئی ہے۔