روس میں فون چوری کرنیوالے نامعلوم شخص نے بینک سے بھاری قرضہ حاصل کر کے فون کے مالک کو بری طرح پھنسا دیا۔
رپورٹ کے مطابق ولادیمیر وولوکووک نامی شخص کا سمارٹ فون چوری ہوا جس کے بعد چور نے اُس میں موجود بینک ایپلیکیشن لاگ ان ہونے کا فائدہ اٹھایا۔چور نے موقع غنیمت جان کر بیس ہزار ڈالرز قرض لینے کی درخواست بینک کو دی جس پر بینک نے اُسے یہ پیسے دے دئیے ۔نامعلوم شخص پیسے لے کر چلتا بنا، مالک کو اُس وقت دھچکا پہنچا جب بینک سے اُس کے پاس قسط لینے افسر پہنچے۔
ولادیمیر نے بتایا کہ اُس کا فون چوری ہوا ہے اور اُس نے کسی بھی قسم کا قرضہ حاصل نہیں کیا۔ متاثرہ شہری نے بتایا کہ بینک قرض کی درخواست منسوخ نہیں کررہا۔ دوسری جانب بینک نے مؤقف اختیار کیا کہ ولادیمیر کو چوبیس گھنٹے سے پہلے بینک رابطہ کرنا تھا مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔