انوکھی واردات، چورنقدی چھوڑ کر 6برگرلیکر فرار

گوجرانوالہ میں ایک ایسی انوکھی واردات ہوئی ہے جس میں چورڈیلیوری بوائے سے نقدی چھیننے کے بجائے 6برگر چھین کر فرار ہوگئے ہیں 

 گوجرانوالہ کے علاقے گکھڑمنڈی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات اْس وقت ہوئی جب موٹر سائیکل پر سوار 6 مسلح افراد نے ڈیلیوری بوائے کو روکا اور اْس سے برگر سمیت موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ نوجوان نے بتایا کہ مسلح افراد نے روک کر موبائل اور آرڈر کے برگر  مانگے، میں نے انکار کیا تو وہ زبردستی چھین کر لے گئے۔

پولیس نے متاثرہ نوجوان کی درخواست پر واقعے کی تحقیقات شروع کیں اور واردات کی فوٹیج حاصل کی۔

پولیس کی جانب سے جاری ہونے والی فوٹیج مین دیکھا جاسکتا ہے کہ 6 مسلح ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جن میں سے ہر ایک پر تین بیٹھے ہوئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق مسلح افراد کسی بڑی واردات کے لیے گھوم رہے تھے جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تو وہ رائیڈر سے برگر و موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو شناخت کر کے گرفتار کیا جائے گا۔