رائیونڈ روڈ پر واقع وائلڈلائف سفاری پارک سے 4 قیمتی کالے ہرن چوری کرلیے گئے ہیں۔
لاہور کے رائیونڈ روڈ پر واقع سفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹر شیخ زاہد نے بتایا کہ چند روز قبل ان کی والدہ کی وفات ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ چھٹی پر تھے۔ اس دوران سپروائزر نے انہیں فون پر بتایا کہ چارمادہ کالے ہرن چوری ہوگئے ہیں۔ جس احاطے سے ہرن چوری ہوئے وہاں 2 ملازم صبح جبکہ 2 شام کے وقت ڈیوٹی پر ہوتے ہیں جب کہ رات کے وقت سیکیورٹی سپروائزرہوتا ہے۔ انہیں شبہ ہے کہ ہرن ملازمین کی ملی بھگت سے چوری ہوئے ہیں اس لئے ان کے خلاف رائیونڈ تھانہ سٹی میں نامزد مقدمہ درج کروایا ہے۔
واضع رہے کہ لاہورسفاری پارک سے ماضی میں بھی قیمتی جانورچوری ہونے کے واقعات سامنے آچکے ہیں، یہاں لگائے گئے سیکیورٹی کیمرے طویل عرصے سے خراب ہیں جبکہ کئی مقامات پرکیمرے نصب ہی نہیں ہیں۔ فنڈزکی قلت کے باعث سفاری پارک کو عملے کی کمی کا بھی سامنا ہے۔