خیبر پختونخوامیں سڑکوں پر کھڈوں کی نشاندہی کیلئے ایپ  کی تیاری

پشاور: محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا  سڑکوں میں موجود کھڈوں کی نشاندہی کے لئے موبائل ایپ کے اجراء پر کام کررہی ہے۔

 عوام کسی بھی خراب سڑک کی موبائل ایپ کے ذریعے نشاندہی کرسکیں گے منصوبہ پہلے مرحلے میں پشاور میں پائلٹ کیا جائے گا۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شکیل قادر خان کی زیر صدارت محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا میں جی آئی ایس سیل کے جائزہ اجلاس میں حکومت کو فیصلہ سازی میں معاونت کیلئے ٹیکنالوجی کے موثر انداز میں استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی، چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی اور جی آئی ایس سیل کے حکام نے شرکت کی۔

موبائل ایپ کے ذریعے عوام کسی بھی سڑک میں موجود کھڈہ تصویر کے ذریعے رپورٹ کرسکیں گے جس پر متعلقہ محکمے کاروائی کے مجاز ہونگے۔

اجلاس کو جی آئی ایس سیل کی کارکردگی کے بارے میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا کے 35 اضلاع میں جی آئی ایس سیل کا قیام اور ان میں جی آئی ایس انالسٹ کی تعیناتی کی گئی ہے جو اضلاع میں موجود ترقیاتی منصوبوں کی آن لائن میپنگ کو یقینی بنا رہے ہیں۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ جی ائی ایس کا آن لائن ویب سسٹم حکومت کو فیصلہ سازی میں معاونت فراہم کررہا ہے جو ترقیاتی منصوبوں میں دوہرائی کو روکتا ہے جی آئی ایس سسٹم کو محکمہ تعلیم کے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ اور پلاننگ کمیشن فارم مینیجمینٹ سسٹم کے ساتھ بھی منسلک کردیا گیا ہے تاکہ دوسرے محکموں کے ساتھ مل کر حکومت کی فیصلہ سازی کے لئے اعدادوشمار کو شفاف بنایا جاسکے۔

  اجلاس کو بتایا گیا کہ جغرافیائی انفارمیشن سیل نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 18-2017 سے21- 2020 تک 8230 منصوبوں کیلئے 35817 مقامات کی آن لائن میپنگ مکمل کرلی ہے جو حکومت کی فیصلہ سازی کیلئے آن ویب پورٹل پر دستیاب ہیں سڑکوں میں کھڈوں کی رپورٹنگ کیلئے بنائی جانے والی ایپ کو پاٹ ہول فکسر کا نام دیا گیا ہے جس پر جلد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھی بریفنگ دی جائے گی۔

حکومت خیبرپختونخوا عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنا رہی ہے۔