کراچی: جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا لمحہ ہے کہ جو انہوں نے اب تک اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔
26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ جہاں فاف ڈوپلیسی کے ٹیسٹ کیرئیر کا 68واں میچ ہوگا تو وہیں یہ چھتیس سالہ بیٹسمین کا پاکستان کی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا۔
جنوبی افریقہ کے تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین فاف ڈوپلیسی کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا لمحہ ہے کہ جو انہوں نے اب تک اپنی زندگی میں نہیں دیکھا، یہ تو جانتا تھا کہ یہاں محدود طرز کی کرکٹ تو کھیلی جارہی ہے مگر یہ اندازہ نہیں تھا کہ اتنی جلدی طویل طرز کی کرکٹ بھی کھیلی جائے گی۔
فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ وہ اب پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے دوبارہ آغاز کے منتظر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ بالکل 13 سال پہلے جیسا آغاز ہی ہوگا، یہاں وکٹیں فلیٹ ہیں، لہٰذا یہاں ہم بلے بازوں کے لیے رنز بنانے کے مواقع بھی زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو کرکٹ سے متاثر کرنےکے لیے ضروری ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی سرزمین پر کرکٹ کھیلے اورامید ہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ دیگر بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان لانے میں مدد کرے گا۔
فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 11 سال اپنی ہوم کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلی ، جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ کے فینز کی ایک نسل اپنے اسٹار کرکٹرز کو اپنے گراؤنڈز میں کھیلتا نہیں دیکھ سکی، یہ ضروری ہے کہ پاکستان اپنی ہوم کرکٹ اپنے ملک میں ہی کھیلے۔
سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ دیگر قوموں کی طرح پاکستانی فینز بھی اپنی ٹیم پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں، جب بھی برصغیر کا دورہ کریں ہمیں یہاں ہمیں کرکٹ کے بہت پرجوش مداح دیکھنے کو ملتے ہیں، یہ فینز ہر میچ دیکھنے آتے ہیں اور ہر میچ میں اپنی ٹیم کو اسپورٹ کرتے ہیں، دن بھر ان کا جوش اور جذبہ دیدنی ہوتا ہے۔
واضح رہے ہفتے کے روز پاکستان پہنچنے والے جنوبی افریقہ کے اسکواڈ میں شامل فاف ڈوپلیسی کا یہ گزشتہ چار سال میں پاکستان کا تیسرا دورہ ہے
تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین نے آئی سی سی ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے سال 2017 میں لاہور کا دورہ کیا۔
فاف ڈوپلسی دوسری مرتبہ گزشتہ سال ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت کی غرض سے پاکستان آئے۔ انہوں نے کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے پلے آف میچز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔