سعید اجمل خطرناک بالر تھا، خواب میں اسے کھیلتا رہتا تھا

کراچی: جنوبی افریقی ٹیم کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا ہے کہ خواب میں بھی سعید اجمل کو کھیلتا رہتا تھا، وہ مجھ جیسے کھلاڑی کے لیے خطرناک بولر تھے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی ٹیم کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا ہے کہ جانتا نہیں تھا کراچی کی وکٹ کیسی ہوگی، ایسا لگ رہا ہے کہ وکٹ اسپنر کے لیے فائدہ مند رہے گی۔

فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے، کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جنہیں ڈیبیو کا موقع ملے گا، ایشیائی کنڈیشنز میں پاکستان ٹیم بہت مشکل حریف ثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کھیل چکا ہوں، کوشش یہی ہے ایشین وکٹ پر پرفارمنس دے سکوں۔

جنوبی افریقی بلے باز نے کہا کہ بابر اعظم ایک خطرناک کھلاڑی ہیں، ان کا شمار دنیا کے تین بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے، بابر کی انجری سے ثابت ہوگیا تھا کہ ٹیم کے لیے رنز بنانا مشکل ہے، ہمیں بابر اعظم کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا۔

پاکستانی بولنگ کے حوالے سے فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ پاکستانی بولنگ سائیڈ میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی خطرے کی علامت ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔