فیس بک کے ہزاروں اکاؤنٹس اچانک لاک آؤٹ ہونے کی وجہ سامنے آگئی

سان فرانسسکو: سوشل میڈیا کے سب سے بڑے پلیٹ فارم فیس بک استعمال کے صارفین کے ساتھ ایک روز قبل سنگین معاملہ پیش آیا تھا جس کے تحت ہزاروں اکاؤنٹس از خود لاگ آؤٹ ہوگئے تھے۔

ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل فیس بک کے ہزاروں صارفین کے اکاؤنٹس خود بہ خود لاگ آؤٹ ہوگئے تھے جس کے بعد وہ دوبارہ آئی ڈی کھول نہیں پارہے تھے۔

اس سنگین مسئلے کی وجہ سے صارفین کو ذہنی اذیت سے دوچار ہونا پڑا کیونکہ بہت سے صارفین ایسے تھے جن کے لیے فیس بک کی آئی ڈی بہت زیادہ اہم تھی۔

فیس بک نے اس معاملے پر گزشتہ روز تو خاموشی اختیار کی مگر اب کمپنی نے نقص کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسئلے کو حل کردیا گیا ہے۔

فیس بک کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اکاؤنٹس لاگ آؤٹ ہونے کی وجہ سسٹم میں کی جانے والی تبدیلی تھی جس کو اب درست کردیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ اب انہیں اکاؤنٹ لاگ ان نہ ہونے کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ فیس بک کے پروگرام میں تبدیلی کرنے کی آزمائش کی گئی تھی جس کے بعد سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی اور ہزاروں اکاؤنٹس خود بہ خود لاگ آؤٹ ہوئے۔

فیس بک نے یہ بھی بتایا کہ ’سسٹم تبدیلی کی آزمائش کے دوران سب سے زیادہ آئی فون کے صارفین متاثر ہوئے تھے مگر اب وہ بھی آسانی سے اپنا آئی ڈی کھول سکتے ہیں‘۔

فیس بک نے کہا کہ ’ہمارے ماہرین اور انجینئرز نے چند گھنٹوں کے اندر ہی مسئلے کی وجہ تلاش کر کے اسے حل کردیا، جلد از جلد مسئلہ حل کرنے کے لیے ٹیم کی کاوش قابل تعریف ہے‘۔

کمپنی نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں صارفین کو اکاؤنٹ لاگ آؤٹ ہوکر لاگ ان نہ ہونے کی وجہ سے پہنچنے والی تکلیف پر افسوس ہے جس پر ہم اُن سے معذرت کرتے ہیں‘۔