سارو کنگولی سینے میں تکلیف کے باعث دوبارہ ہسپتال داخل

نئیدہلی: عالمی شہرت یافتہ بلے باز اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو کنگولی کو طبیعت خراب ہونے پر ایک بار پھر ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کپتان اور بائیں بازو سے کھیلنے والے دنیا کے بہترین اوپنر میں سے ایک سارو کنگولی کو سینے میں تکلیف کے باعث دوبارہ ہسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے  48 سالہ صدر سارو کنگولی کی دل کی تین شریانیں بند ہونے پر اسی ماہ اینجیوپلاسٹی ہوئی تھی جس کے بعد وہ گھر منتقل ہوگئے تھے تاہم اب انہیں دوبارہ سینے میں تکلیف ہوئی ہے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مایہ ناز کھلاڑی کے دوبارہ سے کیے گئے تمام ٹیسٹس نارمل آئے ہیں اور ای سی جی میں بھی کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی ہے تاہم آئندہ 48 گھنٹوں میں دوبارہ اینجیوپلاسٹی کی جا سکتی ہے۔

سارو کنگولی نے ایک روزہ میچ میں 1992 میں ڈبیو کیا تھا اور وہ 2007 میں ون ڈے کیریئر کو خیر باد کہہ دیا تھا جب کہ پہلا ٹیسٹ میچ 1996 میں کھیلا اور 2008 میں کرکٹ کو الوداع کہہ دیا تھا تاہم کمنٹری جاری رکھی اور 2019 سے بھارتی کرکٹ بورڈ میں بطور صدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔