کراچی:پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فواد عالم کی عمدہ سنچری کی بدولت اپنی پوزیشن مستحکم کر لی اور 8وکٹوں کے نقصان پر 308رنز بنا لئے ہیں۔
گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ پر پہلی اننگز میں 88رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان کی جانب سے فواد عالم109،فہیم اشرف64،اظہر علی51اور محمد رضوان 33رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک حسن علی11جبکہ نعمان علی6رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیدی،ربادا، کیشپ مہاراج اورنورٹیج نے 2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے آغاز میں فواد عالم اور اظہر علی دونوں نے محتاط انداز اپنایا‘پہلے سیشن کے دوران جنوبی افریقہ کو ایک وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
91کے مجموعی اسکور پر کیشپ مہاراج کی باؤلنگ پر گیند فواد عالم کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں گئی لیکن ڈین ایلگر کیچ لینے میں ناکام رہے۔
اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے مہمان ٹیم کو کوئی موقع نہ دیا اور پہلے سیشن میں کوئی بھی وکٹ نہ گرنے دی۔
کھانے کے وقفے کے بعد اظہر علی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن کیشپ مہاراج کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
اظہر نے آؤٹ سے قبل فواد کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 94رنز کی شراکت قائم کی۔
دوسرے اینڈ پر فواد عالم ڈٹے رہے اور انہوں نے بھی ففٹی مکمل کرنے کے بعد محمد رضوان کے ہمراہ 55رنز جوڑے، رضوان 33رنز بنانے کے بعد لنگی نگیدی کا شکار بنے۔
فواد عالم اور فہیم اشرف نے ٹیم کو خسارے نکالتے ہوئے برتری دلا دی اور فواد نے مہاراج کو چھکا لگا کر اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔
پاکستان کو بڑا نقصان 278رنز کے مجموعی سکور پر ہوا جب سیٹ بیٹسمین فواد عالم109رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے دن پاکستان کی آخری وکٹ295رنز پر گری جب فہیم اشرف64رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے 8وکٹوں کے نقصان پر 308رنز بنا لئے ہیں اور جنوبی افریقہ پر پہلی اننگز میں 88رنز کی لیڈ حاصل کر لی ہے۔
حسن علی11جبکہ نعمان علی6رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیدی،ربادا، کیشپ مہاراج اورنورٹیج نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔