کراچی:پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہے اور دوسری اننگز میں 187رنز پر 4وکٹیں گنوا چکی ہے۔
پہلی اننگز میں 158رنز کے خسارے میں جانے کے بعد جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں ابتک صرف 29رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں مرکرم 74 اور ڈوسن64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک کیشپ مہاراج2اور کپتان ڈی کوک بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے3 اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 378رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پہلی اننگز میں 158رنز کی برتری حاصل کرکے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 308رنز 8کھلاڑی آؤٹ سے اننگز شروع کی تو حسن علی اور نعمان علی وکٹ پر موجود تھے۔
حسن علی نے دن کی ابتدا میں ہی کچھ ہاتھ دکھائے لیکن کگیسو ربادا نے ان کی وکٹیں بکھیر کے 21رنز کی اس مختصر اننگز کا خاتمہ کردیا۔
یاسر شاہ نے عمدہ بیٹنگ کی جس کی بدولت پاکستان کو اپنی برتری کو بڑھانے میں مدد ملی۔
نعمان اور یاسر نے آخری وکٹ کے لیے 55رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب نعمان 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 378رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی‘یاسر شاہ 38رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشپ مہاراج اور کگیسو ربادا نے تین، تین جبکہ اینرج نورجے اور لنگی نگیدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ نے 158رنز کے خسارے میں جانے کے بعد اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔پاکستان کو پہلی کامیابی کھانے کے وقفے کے بعد اس وقت ملی جب 29رنز بنانے والے ڈین ایلگر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد مرکرم کا ساتھ دینے راسی وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیااور دوسری وکٹ کے لیے 127رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب یاسر شاہ کی گیند پر عابد علی نے کیچ لے کر ڈوسن کو چلتا کردیا جنہوں نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔
فاف ڈیو پلیسی 10رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی اننگز میں تیسری وکٹ بن گئے۔
تاہم جنوبی افریقہ کو دن کے اختتام سے قبل بڑا دھچکا اس وقت لگا جب دوسرے اینڈ پر موجود مرکرم 74رنز بنانے کے بعد نعمان علی کو وکٹ دے بیٹھے۔جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 4وکٹوں کے نقصان پر 187رنز بنائے تھے اور اسے دوسری اننگز میں صرف 29رنز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے3 اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔