45 سال قبل تیار کیا گیا نایاب کمپیوٹر فروخت کیلئے پیش

امریکن ٹیک کمپنی ایپل کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفسیر آنجہانی اسٹیو جابس کا بنایا ہوا ایپل کا نایاب کمپیوٹر 15 لاکھ ڈالر میں فروخت کے لیے سامنے آگیا۔

اسٹیو جابس سے متعلق اکثر کچھ نہ کچھ انٹرنیٹ پر آجاتا ہے اور ایسی نایاب چیزوں کے جمع کرنے کے شوقین اسے منہ مانگی قیمتوں پر خرید لیتے ہیں۔

اس حوالے سے جو تازہ ترین آئٹم سامنے آیا ہے وہ Apple-1 کمپیوٹر ہے جسے اسٹیو جابس اور کمپنی کے شریک بانی اسٹیو وزنیک نے بنایا تھا اور اب یہ eBay پر فروخت کے لیے دستیاب ہے اور اسے پندرہ لاکھ امریکی ڈالر کی خطیر رقم سے خریدا جاسکتا ہے۔

اسکی بہت زیادہ قیمت کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ یہ ان چھ باقی بچ جانے والے اصل حالت کے Byte Shop KOA لکڑی کے کیس میں موجود کمپیوٹرز میں سے ایک ہے جن میں سے اب زیادہ تر میوزیم میں موجود ہیں۔

اس کمپیوٹر کے مالک کا کہنا ہے کہ یہ قابل استعمال اور بالکل درست حالت میں ہے، جس کی وجہ سے 45 سال قبل 1976 میں تیار کیے گئے اس کمپیوٹر کی نایابی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔