اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ویکسین سب سے پہلے طبی عملے کو لگائی جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں ان افراد کو ویکسین دی جائے گی جنہیں کورونا سے متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہے،ویکسین تمام صوبوں میں شفاف طریقے سے تقسیم ہورہی ہے،کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہم نے ویکسین کسی ایک صوبے میں زیادہ تقسیم کی ہیں۔
منگل کوکورونا ویکسی نیشن مہم کے آغاز پرانہوں نے طبی عملے کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کے لیے ویکسین لینا بہت ضروری ہے کیونکہ رسک سب سے زیادہ طبی عملے کے لیے ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں تاکید کروں گا کہ کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں اور خاص طور پر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ کورونا کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے اور اسی وجہ سے اسکولوں کو کھول دیا گیا اور اگلے مرحلے میں دیگر اداروں کو بھی کھول دیا جائے گا۔
دریں اثناء وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی افرادی قوت میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، ضروت صرف اس امر کی ہے کہ بروقت اقدامات سے ان کی صلاحیتوں کو نکھار کر بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔وزیر اعظم کی زیرِ صدارت سکلڈ ایجوکیشن کے حوالے سے بین الصوبائی تعاون کا اجلاس منعقد ہوا۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ دس سال میں پہلی مرتبہ موجودہ دورِ حکومت میں ٹیووٹا (TEVTA) کو دس ارب کا ترقیاتی بجٹ ملا. جس کی بدولت ادارے نے تربیت دینے کی استعداد کو 90 ہزار سے دو لاکھ اور آن لائن سسٹم کے تحت ٹریننگ کے ذریعے مزید 50 ہزار تک بڑھا دیا۔