ٹک ٹاک کا کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کرنے کا اعلان

روم / بیجنگ: چین کی معروف سماجی رابطے کی مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے 13 سال سے کم عمر تمام صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کرنے کا اعلان کردیا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے بدھ کے روز اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے اٹلی کی اتھارٹی کی جانب سے پیش کردہ سفارشات کو تسلیم کرتے ہوئے تیرہ سال اور اُس سے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹ بلاک کرنے کی رضامندی ظاہر کردی ہے۔

کمپنی کے مطابق اٹلی میں دس سالہ بچی کی خطرناک چلینج پورا کرنے کے چکر میں گزشتہ دنوں موت ہوئی تھی جس کے بعد اٹلی کے حکام نے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے اقدامات  کیے۔

اس کیس کو دیکھنے والے تفتیشی افسر نے بتایا تھا کہ ہماری تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کم عمر بچوں کی بڑی تعداد سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کررہی ہے۔

اٹلی کی ریگولیٹری اتھارٹی نے بتایا کہ ’ٹک ٹاک نے 9 فروری سے وہ اکاؤنٹ بلاک کرنے کی منظوری دے دی جن کی عمریں 13 سال یا اُس سے کم ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین کی عمر کا تعین اُن کے اکاؤنٹ پر درج ہونے والی تاریخ پیدائش سے کیا جائے گا۔

ٹک ٹاک کے یورپ میں تعینات سربراہ برائے تحفظ اطفال الیگزینڈرا نے کہا کہ ہم ایک اٹلی کے صارفین کے لیے ایسا بٹن بھی متعارف کرانے جارہے ہیں جس کے ذریعے وہ تیرہ سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹ رپورٹ کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ چینی کمپنی بائٹ ڈینس کی زیر ملکیت ٹک ٹاک موبائل ایپلیکیشن جنوبی ایشیا میں تو مقبول ہے ہی مگر مغرب میں بھی اس کے صارفین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

کرونا وبا کے دوران اٹلی میں بھی اس ایپلیکیشن کے صارفین کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ہوا۔