دوسرا ٹیسٹ، پہلا روز بارش سے متاثر، پاکستان کے 3وکٹ پر 145رنز

راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کے باعث جلد ختم کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنالیے، بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

 اس سے قبل پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کے اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے، عمران بٹ 15 اور عابد علی 6 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ اظہر علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔


تئیس رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد ٹیسٹ کپتان بابراعظم اور فواد عالم نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کے رنز کو آہستہ آہستہ بڑھانا شروع کیا، دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں سو رنز بنائے۔

بابر اعظم اور فواد عالم نے پروٹیز بولرز کے وار سہتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر بنانے کی کوشش جاری رکھی، اسی دوران بابر اعظم نے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔

چائے کے وقفے تک کپتان بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔


جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشومہاراج نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، آرنچ نٹورجی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کپتان ٹیسٹ ٹیم بابراعظم نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، کوشش کریں گے کہ آغاز اچھا کریں۔


بابر اعظم نے کہا کہ راولپنڈی کی وکٹ کافی ڈرائی لگ رہی ہے،ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پروٹیز کے خلاف دو صفر سے سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔

قومی ٹیسٹ ٹیم میں عابد علی، عمران بٹ، اظہرعلی، بابراعظم، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، یاسر شاہ، حسن علی، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کا کہناتھا کہ وکٹ پر تھوڑی گھاس ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ ابتدا میں باولرز کو مدد ملے گی، دوسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر لونگی اینگیڈی کی جگہ ویان مولڈر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔