راولپنڈی:پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانیوالے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روزجنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر127 رنز بنالئے۔
قبل ازیں پاکستان کی ٹیم محمد رضوان کی سنچری کی بدولت اپنی دوسری اننگز میں 298 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ کے خلاف369 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کو پانچویں اور آخری روز میچ اور سیریز جیتنے کیلئے9 وکٹوں کی جبکہ جنوبی افریقہ کو سیریز برابر کرنے کیلئے مزید 243رنز کی ضرورت ہے۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانیوالے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روزپاکستان نے129رنز6 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔
صرف 14رنز کے اضافے کے بعدپاکستان کی ساتویں وکٹ گر گئی جب حسن علی صرف05رنز بنانے کے بعد مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے،اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور143رنز تھا،ان کے آؤٹ ہونے کے بعد یاسر شاہ بیٹنگ کیلئے آئے۔کھانے کے وقفے سے قبل محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 196رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب یاسر شاہ23رنز بنا کر لنڈے کی گیند پر وکٹ کیپر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
محمد رضوان اور یاسر شاہ نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 53رنز بنائے۔یاسر شاہ کے آؤٹ ہونے کے بعد نعمان علی بیٹنگ کیلئے آئے۔
اس دوران پاکستان نے8وکٹوں کے نقصان پر200رنز بنا لیئے۔چوتھے روز کھانے کے وقفے پر پاکستان کا سکور8وکٹوں کے نقصان پر217رنز تھا۔
کھانے کے وقفے کے بعدمحمد رضوان،نعمان علی کیساتھ مل کر سکور میں اضافہ کرتے رہے۔کھانے کے وقفے کے بعد محمد رضوان نے اپنی سنچری مکمل کر لی،یہ ان کی پہلی ٹیسٹ سنچری ہے۔
293رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی نویں وکٹ گر گئی،نعمان علی78گیندوں پر 6چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 45رنز بنا کر ربادا کی گیند پر ایلگر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
پاکستان نے نویں وکٹ کی شراکت میں 97 رنز بنائے۔نعمان علی کے آؤٹ ہونے کے بعد آخری بیٹسمین شاہین شاہ آفریدی بیٹنگ کیلئے آئے۔
پاکستان کی آخری وکٹ298 رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب شاہین شاہ آفریدی 04رنز بنا کر لنڈے کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔محمد رضوان204گیندوں پر15چوکوں کی مدد سے115رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لنڈے نے 26اوورز میں 64رنز کے عوض5وکٹ،کیشو مہاراج نے 38اوورز میں 118رنز کے عوض 3اور ربادا نے 14اوورز میں 34رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوکیا17اوورز میں 67رنز اور ملڈر7اوورز میں 16رنز کے عوض کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
چائے کے وقفے سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا،جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز میں پہلی وکٹ33رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب اوپنر ڈین ایلگر17رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،ون ڈاؤن پوزیشن پر وینڈر ڈوسن بیٹنگ کیلئے آئے۔
چوتھے روز چائے کے وقفے پر جنوبی افریقہ کا سکور ایک وکٹ کے نقصان پر37رنز تھا۔چائے کے وقفے کے بعدمارکرم اور ڈوسن ذمہ دارانہ طریقے سے بیٹنگ کرتے ہوئے سکور میں اضافہ کرتے رہے،اس دوران مارکرم نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔
چوتھے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127رنز بنا لیئے،مارکرم59رنز اور ڈوسن48رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 10اوورزمیں 22رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی جبکہ فہیم اشرف تین اوورز میں 13رنز،یاسر شاہ11اوورزمیں 21رنز،نعمان علی12اوورزمیں 35رنز اور حسن علی5اوورزمیں 36رنز کے عوض کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔