راولپنڈی:پاکستان نے حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میں 95رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0سے شکست دیدی۔
پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا جبکہ 2003کے بعد پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتی۔
پاکستان کے 370رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 274رنز پر آؤٹ ہو گئی،مرکرم کی سنچری بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔مہمان ٹیم کی جانب سے ایڈن مرکرم 108،باووما61رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی نے 5، شاہین شاہ آفریدی نے 4 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔حسن علی کو 10وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ محمد رضوان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن جنوبی افریقہ نے 127رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو وین ڈر ڈوسن اور مرکرم وکٹ پر موجود تھے۔
حسن علی نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے دن کا آغاز یادگار بنا دیا اور تیسری ہی گیند پر 48رنز بنانے والے ڈوسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔
جنوبی افریقی ٹیم اس ناکامی سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ فاف ڈیو پلیسی اس مرتبہ بھی صرف 5رنز بنا کر حسن علی کی ہی وکٹ بن گئے۔135رنز پر 3وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید جنوبی افریقی ٹیم سنبھل نہ سکے لیکن مرکرم اور ٹیمبا باووما نے عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی امید پیدا کر دی۔
مرکرم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں سنچری سکور کی اور باووما کے ساتھ کھانے کے وقفے تک 84رنز جوڑ چکے تھے۔
چوتھی وکٹ کے لیے 106رنز کی شراکت قائم کی پاکستان کو نئی گیند مل گئی اور نئی گیند سے دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے 108رنز بنانے والے مرکرم کی مزاحمت کا خاتمہ کردیا۔
اگلی ہی گیند پر حسن نے جنوبی افریقی کپتان کوئنٹن ڈی کوک کو بھی عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ کرا کر ان کی میچ جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
باووما نے 61رنز کی اننگز کھیلی لیکن نئی گیند پر وہ بھی بے بس نظر آئے اور شاہین شاہ آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔حسن علی نے جیارج لنڈے کو آؤٹ کر کے لگاتار دوسری اننگز میں 5وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ میچ میں 10وکٹیں ینے کا کارنامہ انجام دیا۔
دوسرے اینڈ سے شاہین نے بھی نئی گیند سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کیشپ مہاراج اور کگیسو ربادا کو چلتا کردیا۔یاسر شاہ نے ویان ملڈر کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقی اننگز کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی فتح پر بھی مہر ثبت کردی۔
پاکستان نے میچ میں 95رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 2-0سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔حسن علی کو 10وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ محمد رضوان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔