چنئی: انگلینڈ نے کپتان جو ئے روٹ اور باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت کو اسکے ہوم گراؤنڈ پرپہلے ٹیسٹ میں 227رنز سے عبرتناک شکست دیدی اور4 میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی۔
بھارتی ٹیم 420رنز کا ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 192رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، جیمز اینڈرسن نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،ڈبل سنچری بنانے والے جو روٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ13فروری سے چنئی میں ہی کھیلا جائے گا۔
چنئی میں انگلش کپتان نے ڈبل سنچری سکور کرتے ہوئے 218رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 218رنز بنائے، ڈوم سبلی نے 87اور بین اسٹوکس نے 82 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون اور جسپریت بمراہ نے تین، تین جبکہ ایشانت شرما اور شہباز ندیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارت کی ٹیم نے 73رنز پر چار کٹیں گنوا بیٹھی تھی لیکن چتیشور پجارا، ریشابھ پنت اور واشنگٹن سندر کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت کی ٹیم 337رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
پنت نے 91، سندر نے 85 اور پجارا نے 73 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے ڈوم بیس 4وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔
دوسری اننگز میں انگلش ٹیم 178رنز پر ڈھیر ہو گئی، روٹ 40رنز بنا کر پھر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ ایشون نے 6وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ نے بھارت کو میچ میں فتح کے لیے 420رنز کا ہدف دیا او چوتھے دن کے اختتام سے قبل بھارتی ٹیم روہت شرما کی خدمات سے محروم ہو گئی۔
پانچویں دن چتیشور پجارا 15رنز بنانے کے بعد یک لیچ کی دوسری وکٹ بن گئے۔58رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد شبمان گل نے نصف سنچری سکور کی۔
اینڈرسن کی خوبصورت ان سوئنگ نے شبمان گل کی وکٹیں بکھیر دیں۔دو گیند بعد اینڈرسن نے ایک اور خوبصورت گیند پر راہانے کو بالڈ کر کے بھارت کو چوتھا نقصان پہنچا دیا۔
دورہ آسٹریلیا کے ہیرو پنت دوسری اننگز میں بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور اینڈرسن کے تجربے کے سامنے وہ اس وقت بے بس نظر آئے جب ایک سلو گیند کو وکٹ کیپر بلے باز سمجھ نہ سکے اور شارٹ کور پر کھڑ فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے جبکہ سندر بھی کھاتا کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔
6وکٹیں گرنے کے بعد کپتان کوہلی کا ساتھ دینے ایشون آئے اور دونوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 54رنز جوڑے، ایشون 9رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
بھارت کی میچ ڈرا کرنے کی آخری امید اس وقت دم توڑ گئی جب بین اسٹوکس نے 72رنز بنانے والے کوہلی کو چلتا کردیا۔
بھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 192رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور انگلینڈ نے 227رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0سے برتری حاصل کر لی۔
بھارت کے چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے، انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے چار اور جیمز اینڈرسن نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوفرا آرچر، ڈوم بیس اور بین اسٹوک نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ڈبل سنچری بنانے والے جو روٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔