سڈنی:آسٹریلین اوپن میں ویمن ٹینس اسٹارز کی پیش قدمی جاری ہے، صوفیہ کینن، موگوروزا اور سوئس کھلاڑی بیلائنڈا نے بھی دوسرے راؤنڈ میں رسائی پا لی۔
میلبورن کے بلیو ٹینس کورٹ پر ویمن اسٹارز اِن ایکشن ہوئیں، سیزن کے پہلے گرینڈ سلیم کے ابتدائی راؤنڈ میں امریکی صوفیہ کینن نے وائلڈ کارڈ ہولڈر آسٹریلوی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نمبر چار صوفیہ کینن نے میزبان کھلاڑی کے خلاف سات پانچ اور چھ چار کی فتح سمیٹی۔
دوسرے میچ میں اسپین کی گیربائن موگوروزا نے روسی حریف مارگاریٹا کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی، اسپینش کھلاڑی کی جیت کا سکور چھ چار اور چھ صفر رہا۔
تیسرے ویمن سنگلز میچ میں سوئٹزرلینڈ کی بیلائنڈا بینکک کا امریکی مدمقابل لارن ڈیوس سے جوڑ پڑا، نمبر گیارہ سوئس اسٹار نے خوب زور بازو دکھاتے ہوئے دو ایک سے کامیابی اپنے نام کی۔