امارات مریخ پر پہنچنے والا پانچواں ملک بن گیا 

ابوظہبی:متحدہ عرب امارات کا خلائی مشن ”ہوپ پروب“ چھ ماہ کے طویل خلائی سفر کے بعد کامیابی سے مریخ کے مدار میں داخل ہو گیا ہے محمد بن راشد خلائی مرکز میں مشن کی کامیابی پر جشن کا سماں ہے۔

متحدہ عرب امارات میں دنیا کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ کو روشن کردیا گیا۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات مریخ پر پہنچنے والا پانچواں ملک بن گیا ہے۔

ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد نے مرکز میں موجود عملے کو مبارکباد دی ہے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اس بڑی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے عوام، عرب اور مسلم ممالک کے لیے ہم مریخ کے مدار میں کامیابی سے داخل ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔خدا کا شکر ہے۔

ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے ٹوئٹ کیا ’مریخ تک خلائی مشن کا سفر شیخ زاید سے شروع ہوا تھا۔ الامل خلائی مشن ورکنگ ٹیم نے اسے آج منطقی انجام تک پہنچا دیا ہے۔

 ہم اماراتی عوام، امت مسلمہ، عربوں اور دنیا بھر کے انسانوں کو 2021 میں مریخ پر پہلے خلائی مشن کے پہنچنے کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔آج سے عربوں کی سائنسی تاریخ کا نیا مرحلہ شروع ہوگیا۔اس مرحلے کا عنوان ”اعتماد“ ہے۔ اپنے اوپر اپنے نوجوانوں اور عرب اقوام پر اعتماد۔ یہ اعتماد کہ ہم دنیا کی دیگر اقوام کے حریف بن سکتے ہیں۔ 

چین کا مشن یو اے ای کے مشن کے اگلے روزمریخ پر پہنچے گا اور اس طرح چین مریخ پر پہنچنے والا چھٹا ملک بن جائے گا۔متحدہ عرب امارات میں رات کے وقت سرخ نشانات روشن کر دیے گئے جو حکومت کے اکاؤنٹ#ArabstoMars‘ ہیش ٹیگ سے مزین ہیں۔

دبئی کا برج خلیفہ جو دنیا کا سب سے بلند ٹاور ہے اس عظیم دن منائے جانے والے جشن کا مرکز ہو گا۔’ہوپ‘ جسے عربی میں ’الامل‘ کہا جاتا ہے کم از کم ایک مریخی سال یعنی 687 دن تک اس سرخ سیارے کے مدار میں گردش کرے گا