امارات کی بھی پی ایس ایل طرز کی کرکٹ لیگ شروع کرنے کی تیاریاں 

دبئی؛ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی طرز پر اپنی کرکٹ لیگ شروع کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران یواے ای نے پاکستان سپر لیگ، افغانستان سپر لیگ (اے پی ایل) اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی میزبانی کی ہے جبکہ مختصر ترین فارمیٹ ابوظہبی ٹی 10 کرکٹ لیگ کا انعقاد بھی ہوتا ہے تاہم اب امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنی لیگ شروع کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

ای سی بی کی جانب سے جاری ہونے والی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین شیخ نیہان مبارک النیہان نے یواے ای کی اپنی ٹی 20 لیگ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کا فارمیٹ فائنل کیا جا رہا ہے، یہ رواں برس دسمبر یا پھر آئندہ جنوری میں منعقد ہو گی جس میں دنیا بھر کے نمایاں کرکٹرز حصہ لیں گے۔