پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) سیزن 6 میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کےلیے غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی کنگزکے چیڈوک والٹن پاکستان پہنچنے والے پہلے غیرملکی کرکٹرہیں، ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے گولڈن وکٹ کیپر بیٹسمین جمعہ کی صبح کراچی پہنچے، اسلام آباد یونائیٹڈ سے کراچی کنگز منتقل ہونے والے پلالٹینم کھلاڑی کولن انگرام، سپلیمنٹری کھلاڑی افغانستان کے نوراحمد اورہیڈ کوچ ہرشل گبزبھی کراچی پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق پشاورزلمی کے ہیڈکوچ ڈیرن سیمی کی کراچی آمد آج متوقع ہے ،روی بوپارہ ہفتہ کو کراچی پہنچیں گے، البتہ شرفین ردرفورڈ اورمجیب الرحمان 14 فروری کو کراچی آئیں گے
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی ہوٹل منتقلی کے بعد کوویڈ ٹیسٹنگ کے بعد قرنطینہ میں رہیں گےجبکہ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض، شعیب ملک، امام الحق، کامران اکمل، محمد عرفان اوردیگرنے بھی اسکواڈ کا حصہ بن کر سیلف ائسو لیشن اختیار کر لی۔
واضح رہے کہ فرنچائز ٹیموں کے ٹریننگ سینشنز 14 فروری سے شیڈول ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا رنگا رنگ میلہ 20 فروری سے شروع ہورہا ہے، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز افتتاحی میچ میں آمنے سامنے ہونگے۔